24 نومبر 2016 - 14:27
ایران کے بیشتر علاقوں میں شدید برف باری

اسلامی جمہوریہ ایران کے شمال مغربی اور مرکزی علاقے برف باری سے سفید پوش ہوگئے ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمالی ، شمال مغربی مغربی اور مرکزی علاقوں میں زبردست برفباری ہورہی ہے جس کی وجہ سے بہت سے علاقوں کا ایک دوسرے سے رابطہ منقطع ہوگیاہے - ایران کے شمالی صوبے مازندران کے محمکہ ٹرانسپورٹ کے ایک سینیئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ صوبے میں شدید برف باری کی وجہ سے پانچ سو دیہاتوں کا رابطہ صوبے کے دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا ہے -

صوبہ مازندران کے محکمہ ٹرانسپورٹ کے سینیئر عہدیدار عباس علی نجفی نے کہا کہ صوبے میں جو برف باری ہورہی ہے اس کی مثال پچھلے کئی برسوں میں نہیں ملتی - ایران کے دارالحکومت تہران سمیت، قم ، اراک ، ایلام ، کرمانشاہ، اردبیل ، صوبہ مشرقی آذربائیجان اور مغربی آذربائیجان، سمنان ، کرمان، گیلان اور دیگر صوبوں میں برف باری کا جو سلسلہ دو روز قبل شروع ہوا تھا وہ بدستور جاری ہے - خبروں میں بتایا گیا ہے کہ شدید سردی اور برف باری کی وجہ سے متعدد صوبوں میں اسکولوں میں تعطیل کردی گئی ہے - جبکہ برف باری کی وجہ سے قدرتی مناظر اور زیادہ جاذب نظر اور دیدہ زیب ہوگئے ہیں -

.......

/169